17 نومبر، 2026، 5:23 PM

بحرین میں علما اور شہریوں کو عمر قید کی سزا، ایران کی وزارت خارجہ کی شدید مذمت

بحرین میں علما اور شہریوں کو عمر قید کی سزا، ایران کی وزارت خارجہ کی شدید مذمت

ایرانی وزارت خارجہ نے بحرینی علما اور شہریوں کو عمر قید اور طویل المدتی سزائیں سنانے اور ان کے اثاثے ضبط کرنے کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ نے بحرین میں متعدد علما اور شہریوں کے خلاف عدالتی فیصلوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ شیعہ علما کے خلاف امریکی وزیر خارجہ کے توہین آمیز بیانات کے کچھ ہی عرصے بعد بحرینی علما کو عمر قید اور طویل المدتی سزائیں سنانا اور ان کے اثاثے ضبط کرنا اس بات کی علامت ہے کہ بحرین کے حکمران امریکی حکومت کی جانب سے مذہبی منافرت پھیلانے کی پالیسی کی پیروی کر رہے ہیں۔

ایرانی وزارت خارجہ نے زور دیا کہ نمائشی عدالتوں کا انعقاد اور عدالتی کارروائیوں کی آڑ میں علما اور عام شہریوں کو اجتماعی طور پر سزا دینا اس اقدام کی غیر انسانی نوعیت اور بنیادی انسانی حقوق کے اصولوں سے اس کی مخالفت کو کسی صورت چھپا نہیں سکتا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران سے روابط جیسے بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کو بحرینی شہریوں کے خلاف فوجداری کارروائی اور انہیں اجتماعی طور پر طویل المدتی قید کی سزائیں دینے کی بنیاد بنانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ بحرین کے حکمران اپنے عوام کی حق طلبی کی آواز دبانے کے لیے عدالتی اداروں کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں۔

وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ اس طرز عمل سے بحرین کا عدالتی نظام بدنام ہورہا ہے، صادر کیے گئے فیصلوں کی قانونی حیثیت مشکوک ہو رہی ہے اور ملک کے حکمران طبقے کی مشروعیت اور عوامی مقبولیت کو مزید خطرات لاحق ہورہے ہیں۔

بیان کے اختتام پر ایرانی وزارت خارجہ نے ایران کے خلاف عائد کیے گئے بے بنیاد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے بحرین کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ وہ عوام اور مذہبی علما کے خلاف جبر و تشدد کا سلسلہ بند کریں اور انسانی حقوق کے اصولوں اور اسلامی تعلیمات کے مطابق ان کے انسانی اور شہری حقوق کا احترام کریں۔

وزارت خارجہ نے کہا کہ جبر اور خوف و ہراس کی پالیسی بحرین کے عوام کو ان کے جائز اور قانونی مطالبات کے حصول کی جدوجہد سے کسی صورت نہیں روک سکتی۔

News ID 1942921

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha